راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) ایوسٹان انجکشن سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کا تعین اور ان کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر میں ویب پورٹل بنادیا گیا ۔ آنکھوں کے علاج کے لئے انجکشن استعمال کرنے والے مریض اپنی معلومات فراہم کریں۔ اس وقت تک صوبے میں اس انجکشن سے متاثرہ 68 مریض سامنے آئے ہیں جن کے علاج کے لئے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، میو ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں بستر مختص کر دیئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جمال ناصر اور ڈاکٹر جاوید اکرم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایوسٹان انجکشن سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں تشکیل دی جانے والی 10 رکنی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے۔ آنکھوں کے علاج کے لئے اس ٹیکے کا استعمال دو ہفتے کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ٹیکے کے نقصانات سامنے آنے پر پنجاب کے آٹھ شہروں میں 11 ڈرگ انسپکٹروں کو معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔