اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ یوم میلادالنبی ؐ درحقیقت یوم شکر ہے، جیسے کہ پیر کے دن روزہ رکھ کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے سمجھایا ہے۔ آپﷺ کو اللہ تعالی نے دنیا میں اس لیے بھیجا تا کہ نور توحید سے چاردانگ عالم کو دائمی طور پر منور کر دیں۔آپﷺ نے بعثت سے وفات تک صرف تئیس سال کی دعوت توحید سے عرب کے ضدی و اکھڑ معاشرے کو شرک سے پاک کر کے ان میں نئی روح پھونک دی اور انہیں دنیا و آخرت کی امامت و نجات کا سزاوار بنا دیا۔ نبی اکرم ﷺکی مقدس ولادت اس مقصد کو پورا کرنے کے کا ذریعہ تھی چناں چہ آپؐ مختصر سے وقت میں یہ مقصد مکمل کر کے 12 ربیع الاول کو اس دنیا سے رحلت فرما گئے۔ بارہ ربیع الاول کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپؐ کے بعد توحید و سنت کا یہ پیغام اطراف عالم تک پہنچانا ہمارا کام تھا لیکن بدقسمتی سے ہم نے مقصد میلاد کو بھلا کر یوم میلاد کو یوم جشن بنادیا حالاں کہ بعض محققین کے مطابق بارہ تاریخ اگر یوم ولادت ہے تو یہی تاریخ یوم وفات بھی ہے۔عمر توحیدی نے مزید کہا کہ یہ رمز اصحاب و اہلبیت رسول نے سمجھی چناں چہ مقصد میلاد کو دل و جان سے اپنا کر ہی وہ دنیا کے امام و فاتح بنے اور رضائے الٰہی سے سرفراز ہوئے جبکہ اس مقصد سے روگردانی ہی دن بہ دن ہمیں بدحالی و شکست کی طرف دھکیل رہی ہے آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم صحیح عقائد و اعمال کے ساتھ اعلٰی اسلامی اخلاق و اوصاف سے نہ صرف معاشرے کی تشکیل نو کرینگے بلکہ اسوۂ حسنہ کی روشنی میں تمام سماجی برائیوں اور ناانصافیوں کا خاتمہ بھی کریں گے۔