کراچی (اسد ابن حسن) 11 لاکھ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی بےدخلی کے فیصلے کے تناظرمیں نادرا نے کراچی کے شہریوں کے شناختی کارڈوں کے فیملی ٹری میں مشکوک افراد کی ممکنہ شمولیت پر کارروائیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وضاحت دینے کیلئے نادرا نے 9خواتین سمیت 20 افراد کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ 17افراد کا تعلق کراچی کے مختلف علاقوں سے اور 3کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ اسی حوالے سے گزشتہ دنوں بھی ادارے نے 25سے زائد افراد کو نوٹسز جاری کیے تھے۔