• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیسکو حکام کی عدم توجہی، بجلی بحال نہ ہونے پرمکینوں کا پٹیل روڈ پر دھرنا

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کیسکو حکام کی عدم توجہی سے کوئٹہ کے وسط میں واقع پٹیل روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے متاثر ہونے والے ٹرانسفارمر کی دو روز بعد بھی تنصیب اور بجلی کی بحالی ممکن نہ ہوسکی ، علاقہ مکینوں نےپٹیل روڈ پر دھرنا دیا ، بجلی جلد بحال نہ ہونے کی صورت میں سخت احتجاج کا عندیہ دے دیا ۔ پٹیل روڈ پر پیر اور منگل کی درمیانی شب گاڑی کی ٹکر سے بجلی کا ٹرانسفارمر زمین پر گرنے سے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی ، کیسکو کے متعلقہ حکام کو واقعے کی اطلاع بروقت دی گئی جس کے بعد کیسکو حکام نے متاثرہ کھمبا دوبارہ نصب کرکے ٹرانسفارمرنصب اور بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ، تاہم گزشتہ روز صرف کھبا نصب کرنے جبکہ ٹرانسفارمر نصب کیے بغیر عملہ چلا گیا جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی ،جس کے خلاف علاقہ مکینوں نے پٹیل روڈ پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، اس موقع پر علاقہ مکینوں نے کیسکو حکام کی عدم توجہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسطی علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب گاڑی کی ٹکر سے ٹرانسفارمر زمین پر گرنے سے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تھی صورتحال سے کیسکو حکام کو آگاہ کیا گیا ،جس کے بعد کیسکو کا عملہ صرف متاثرہ کھمبا نصب کرکے چلا گیا جبکہ ٹرانسفامر نصب نہ کیے جانے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی تاحال ممکن نہیں بنائی جاسکی ۔انہوں ے کہا کہ بجلی کی بندش کی وجہ سےعلاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے گھروں میں پانی کی قلت کے ساتھ دیگر امور کی انجام دہی مشکل ہوگئی ہے، دوسری جانب علاقے کی مسجد میں وضو کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں ۔انہو ں نے کہا کہ شہر کا وسطی علاقہ ہونے اور بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی کے باوجود کیسکو حکام کی جانب سے مسئلے کے حل کی جانب توجہ نہ دینا افسوس ناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر متاثرہ ٹرانسفارمر نصب کرکے بجلی بحال نہ کی کئی تو سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کیسکو چیف سے مطالبہ کیا کہ مسئلے کا فوری نوٹس لیا اور ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بحالی کو یقینی بناکر عوام کو پریشانی سے نجات دلائی جائے ۔
کوئٹہ سے مزید