کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جھالاوان عوامی پینل کے رہنما ندیم الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ وڈھ معاملے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے، ایک سابق وفاقی وزیر نے وڈھ معاملے کی آڑ میں حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی،یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ قوم پرست جماعت حقائق کو مسخ کرکے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ، وڈھ کو مذکورہ جماعت کے سربراہ اپنے مفادات کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ایک سابق وفاقی وزیر نے مبینہ طور پر غلط بیانی سے کام لیکر حقائق کو مسخ کیا جس میں کوئی صداقت نہیں ۔ وڈھ معاملے کے حل کے لئے سیاسی کمیٹیوں کو انہوں نے خود مسترد کیا وہ معاملہ کے حل میں سنجیدہ نہیں جس کی وجہ سے حالات خراب ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ کے ایک نجی جیل میں مبینہ طور پر قید شکر خان اور ناصر سمیت دیگر تمام افراد کو بازیاب کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں لوگوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوگی ،جھالاوان عوامی پینل وہاں حق کی آواز بلند کرتا رہے گا۔