مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو دنیا کی 20 ویں بڑی معیشت بنانے کے لیے 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے معاشی اقدامات کے سبب پاکستان میں ڈالر کی اصل قیمت 250 روپے سے زیادہ نہیں ہے۔
ملک نور اعوان کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے ڈالر کی قیمت 250 روپے تک آچکی ہوتی لیکن ملک میں حوالہ ہنڈی مافیا، غیر قانونی تارکین وطن اور افغان مافیا کے سبب ڈالر کی مصنوعی قیمت 300 روپے سے اوپر رہی۔
انہوں نے کہا کہ تاہم اب آرمی چیف اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے نتیجے میں جلد ہی ڈالر 250 روپے تک پہنچ جائے گا جس کی پیشگوئی پہلے ہی اسحاق ڈار کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہے ہیں اور ان کے استقبال کے لیے دنیا بھر سے بڑی تعداد میں (ن) لیگی کارکنان پاکستان پہنچیں گے۔
ملک نور اعوان نے دوران خطاب کہا کہ (ن) لیگ جاپان کا وفد جلد لندن روانہ ہو رہا ہے جہاں وہ میاں نواز شریف اور اسحاق ڈار سمیت شہباز شریف سے ملاقات کرے گا اور ان کے احکامات کی روشنی میں پالیسی ترتیب دیں گے۔