مانچسٹر (ہارون مرزا) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی برطانیہ آمد پر پیپلز پارٹی یوکے، کے سینئر رہنما راجہ امجد اقبال ، راجہ عمران اور راجہ مصور کی میزبانی میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے عشائیہ میں خصوصی شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت ، برطانیہ کی نامور شخصیات بھی عشائیہ میں شریک ہوئیں۔ راجہ عمران نے نظامت کے فرائض سر انجام دیئے،قبل ازیں راجہ امجد اقبال نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا، الیکشن کمیشن پاکستان ایک خود مختار ادارہ ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عام انتخابات جنوری میں ہوں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف بڑا واضح ہے کہ الیکشن کا انعقاد 90دن میں ہونا چاہئے، آئین میں یہ بھی واضح ہے کہ اگر مردم شماری ہوتی ہے تو نئی حلقہ بندیاں ہو ں گی، یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا، 13سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اتحادی حکومت نے بھی تاریح رقم کی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف سیاسی رہنما ہیں،پاکستان واپسی پر قانونی طریقہ سے اپنا دفاع کریں گے، پاکستان میں ادارے مضبوط ہیں اور اپنا کام بخوبی سر انجام دے رہے ہیں ۔چوہدری یاسین صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا گھنائونا اور مکروہ چہرہ دنیا بھرمیں بے نقاب ہو چکا ہے ،کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے مودی کے ناپاک عزائم اور دہشت گردی پر عالمی دنیا کو نوٹس لینا چاہئے، 75 سال سے کشمیر کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ کشمیریوں کو انکا حق ملنا چاہئے۔ تقریب میں عروج شاہ کیبنٹ منسٹر، چوہدری ندیم قیصر، رضیہ چوہدری، چوہدری سلیم، لالہ علی اکبر اور دیگر نےبھی خطاب کیا۔مرکزی نائب صدر پیپلز پارٹی چوہدری ندیم قیصر نے بے نظیر بھٹو کی کتاب ’’اسلام ڈیمو کریسی اینڈ دی ویسٹ‘‘اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو بطور تحفہ پیش کی۔