• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آج تبدیلی کے ساڑھے تین سال کا خمیازہ بھگت رہا ہے، بشیر میمن

کراچی(ٹی وی رپورٹ)کنوینر استقبالیہ کمیٹی ن لیگ سندھ بشیر میمن نے کہا ہے کہ پاکستان آج تبدیلی کے ساڑھے تین سال کا خمیازہ بھگت رہا ہے،مجھے پاکستان کا آئین آزادی دیتا ہے کہ میں جس پلیٹ فارم سے چاہوں اپنا سیاسی کیریئر کا آغاز کرسکتا ہوں۔ 

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ کےمیزبان مبشر ہاشمی سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی اور حبیب اکرم نے بھی اظہار خیال کیا۔

کنوینر استقبالیہ کمیٹی ن لیگ سندھ بشیر میمن نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ 2016-17ء میں پاکستان کا جی ڈی اپی ریشو5.8 تھا اس کے بعد ایک تبدیلی آئی تھی اور پھر کیا ہوا پاکستان آج اسی ساڑھے تین سال کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ 

معیشت کو نواز شریف پہلے بھی5.8 تک لے گئے تھے۔ نواز شریف کا آج کا بیانیہ ہے میں نے اپنے ذاتی معاملات اللہ پر چھوڑ دیئے ہیں مجھے پاکستان، معیشت اور عام آدمی کی فکر ہے۔ 

اس وقت ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ میں سچے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں پاکستان کو خوشحال کرنے والے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کیا مجھے نوکری ن لیگ نے دی۔ 

ن لیگ کے دو ڈھائی کروڑ ووٹرز ہیں کیا سب کو نوازا گیا ہے۔ بطور کارکن ن لیگ میں شامل ہوا ہوں۔ میرے قائد نے کہا ہے کہ انتقام نہیں ملک کی معیشت کو بہتر کرنا ہے۔

 پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی ایک جھوٹا مقدمہ نہیں بنایا۔پروگرام کے آغاز میں میزبان مبشر ہاشمی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چار سال بعد نواز شریف کی لندن سے واپسی موثر بنانے کے لئے ن لیگ نے ہر محاذ پر کوششیں تیز کردی ہیں۔ 

شہباز شریف نے نواز شریف کے قانونی معاملات اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں۔ غیرضروری رکاوٹوں سے محفوظ رہنے کیلئے بیانئے میں تبدیلی کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ 

خبروں کے مطابق پارٹی صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے مختلف اجلاسوں میں پارٹی رہنماؤں پر واضح کردیا ہے کہ اگر پارٹی مینار پاکستان پر بڑا شو کرنے میں ناکام رہی توکسی کا کوئی بہانہ اور توجیح قبول نہیں کی جائے گی۔یہ بھی واضح کردیا ہے کہ پارٹی کا نیا بیانیہ انتقام کی بجائے ملک کو مشکلات سے نکالنے پر ہوگا۔ 

دوسری طرف پیپلز پارٹی ہے جو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے ن لیگ پر لاڈلا ہونے کا الزام لگا رہی ہے۔

 پیپلز پارٹی نے اب نئی حلقہ بندیوں پر بھی اعتراضات اٹھا دیئے ہیں اور اسے پیپلز پارٹی کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔

 سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو بیانیہ، مزاحمت اورمفاہمت ن لیگ اس سے بہت آگے نکل گئی ہے۔

 مزاحمت ن لیگ نے کبھی بھی نہیں کی تھی بیچ کا جو عرصہ تھا اس میں مزاحمت جو انہوں نے کی۔

اہم خبریں سے مزید