برمنگھم (پ ر) محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا ہے سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی پاکستان واپسی کے اعلان پر پاکستان اوربیرون ملک خاص کر لندن میں میاں نوار شریف کے کارکن اورکچھ چاہنے والوں نے آسمان سر پر اٹھا لیا ہے اور مریم نواز سوشل میڈیا ، ٹی وی اور اخبارات میں دن رات ان کے استقبال کے لئے پیغام دے رہی ہیں۔ لندن سے اسپیشل جہاز کے ذریعہ کرائے کے روایتی رہنما برطانیہ سے پاکستان واپس جا رہے ہیں۔ اللہ خیر کرے ، کیا نواز شریف کے پاکستان جانے سے ملک کی معیشت مضبوط ہو جائے گی، مہنگائی ختم ہو جائے گی، لوگوں کو روزگار ملنا شروع ہو جائے گا ، ایسابالکل بھی نہیں ہوگا، پاکستان میں لوگ بھوک افلاس سے مر رہے ہیں ، بچے اسکول نہیں جا رہے،کیونکہ کھانے پینے کیلئے کوئی چیز گھر میں موجود نہیں۔ سعید مغل ایم بی ای نے کہا عوام اب بیوقوف نہیں بنے گی، انہوں نے کہا کم از کم 30سال اقتدار شریف خاندان کے پاس رہا ،اس خاندان نے کون سی دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں، عوام میاں اب نواز شریف اورمریم نواز کے جعلی نعروں سے متاثر نہیں ہوں گے نہ ہی اب عوام ان پر اعتبار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا اگرنوازشریف پاکستان واپسی سے پہلے مہنگائی اور معیشت کو سہارا دینے کیلئے اپنے سرمایہ میں سے جو بیرون ملک منتقل کر رکھا ہے کچھ پاکستان کے خزانے میں جمع کروا دیتے تو شاید عوام اعتماد کرتی، اب استقبال اور جلسے جلوسوں پر جو خرچہ ہو رہا ہے یہ غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی کا پیسہ ہے، پاکستان واپسی آئندہ اقتدار پر قبضےکیلئے ہے، پاکستان کے عوام شریف خاندان کو اچھی طرح جانتےہیں اوراب ان کے جال میں نہیں پھنسیں گے۔ انہوں نے کہا عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کے پیسے نہیں وہ خالی پیٹ استقبال کیسے کریں گے ،بس چند خوشامدی اور مفاد پرست حواری باہر نکلیں گے۔استقبال کیلئے خرچ ہونے والا پیسہ ملک میں غربت ختم کرنے کے لئےخرچ کرتے تو آج حالات مختلف ہوتے، نواز شریف کی واپسی عوام کیلئے ایک عذاب بنے گی جس سے ملک میں بے چینی میں اضافہ ہوگا۔