لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب حکومت نے 19سال بعد صوبے بھر کے 121 کامرس کالجوں میں مردوں کی 691اسسٹنٹ پروفیسرز (سینئر انسٹرکٹرز) اور لیکچررز( انسٹرکٹرز) کی بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو گریڈ 18کی اسسٹنٹ پروفیسرز کی 138اور گریڈ 17کی لیکچررز کی 553آسامیوں کو پر کرنے کے لئے ریگولر بنیاد پر بھرتیوں کے لئے خط لکھ دیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو دو ریکوزیشن بھرتیوں کے لئے پی پی ایس سی فارم پر بھجوائی ہیں۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پی پی ایس سی سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر شروع کیا جائے اور کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کے لئے سفارشات جلد از جلد محکمہ ہائر ایجوکیشن کو بھجوائی جائیں۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب میں کل 121کامرس کالج ہیں جن میں 81بوائز، 16گرلزجبکہ 24میں مخلوط تعلیم دی جاتی ہے۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جاوید اختر محمود نے بتایا کہ صوبے بھر کے کامرس کالجز میں اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کی کل تعداد 750تھی جن میں سے 2021-22کے دوران 150جبکہ 2023میں مزید 120 ریٹائر ہو جائیں گے جس کی وجہ سے نئی بھرتیاں اشد ضروری تھیں۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بتایا کہ کامرس کالجوں میں پہلی مرتبہ بی ایس کامرس، بی بی اے، بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس اور بی ایس مینجمنٹ سائنس 2022ء میں شروع کروائی گئی جبکہ زیادہ تر کالجوں میں ان پروگرامز کا آغاز 2023ء میں ہوا۔