ناروے( نیوز ڈیسک)ایران سے تعلق رکھنے والی ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ قیدی نرگس محمدی امن کے نوبل انعام برائے سال 2023 کی حق دار ٹھہریں جنہوں نے خواتین کے حقوق کیلئے آواز اُٹھانے پر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور اب بھی جیل میں سزا بھگت رہی ہیں۔ رواں برس نوبل انعام برائے امن ایران کی نرگس محمدی کے نام رہا جنھیں انسانی حقوق کیلئے کام کرنے کی پاداش میں 13 بار گرفتار کیا گیا اور 5 مقدمات میں مجموعی طور پر 31 سال قید اور 154 کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔51 سالہ نرگس محمدی امن کا نوبل انعام جیتنے والی 19 ویں خاتون بن گئیں۔ خیال رہے کہ نوبل انعام برائے امن کی مالیت 1 ملین ڈالر کے برابر ہے جو 10 دسمبر کو دیاجائے گا۔نوبل کمیٹی نے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں خواتین پر ہونے والے جبر، آزادیٔ اظہار رائے کے فروغ اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بے مثال جدوجہد کرنے پر آزادیٔ اظہار رائے کے فروغ کو امن کا نوبل انعام 2023 دینے کا فیصلہ کیا ۔نرگس محمدی سخت گیر اور بنیاد پرست ملک ایران میں انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کیلئےکام کرنے والے سرکردہ کارکنوں میں سے ایک ہیں۔علاوہ ازیں نرگس محمدی 2003 کے نوبل امن انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن شیریں عبادی کی زیرقیادت غیر سرکاری تنظیم ڈیفنڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ بھی ہیں۔