لندن (مرتضیٰ علی شاہ، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعد حمایتی چار سال سے لندن میں میرے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں لیکن وہ سوائے پاکستان کا امیج خراب کرنے کے کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ یہاں مریم اورنگزیب و دیگر خواتین کا گھیراؤ کیا گیا،میرے حق میں اور خلاف لکھنے والے تمام صحافیوں کا شکر گزار ہوں ہے،پاکستانی عوام ملک کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے، وہ ووٹ کی طاقت سے احتساب کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ و یورپ کے وفد سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے چیف کوآرڈینیٹرو سینئر نائب صدر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں برطانیہ و یورپ کے وفد نے گزشتہ روز لندن میں ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور زیر غور آئے ۔سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے بیرسٹر امجد ملک اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا تھا، عوام ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عوام ملک کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر عرفان صدیقی، صدر مسلم لیگ (ن )ہالینڈ چوہدری پرویز سندھیلا ، صدر مسلم لیگ (ن )سپین راجہ اسد حسین اور انکے سیکرٹری جنرل میاں عمران ساجد کے علاہ تاجر برادری مسلم لیگ (ن )کے چوہدری خالد محمود ہنجرا بھی شریک تھے۔بیرسٹر امجد ملک نے وفد میں شامل افراد کا تعارف کروایا اور انکی پارٹی کیلئے کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز آپکی وطن واپسی کے لیے بے چین ہیں کیونکہ ملک کو اس وقت آپکی اشد ضرورت ہے، ہر شعبہ کا فرد آپ کی آمد کے انتظار میں ہے ۔وفد کے شرکا صدر مسلم لیگ (ن )اسپین راجہ اسد حسین ،صدر مسلم لیگ (ن) ہالینڈ چوہدری پرویز سندھیلہ ،سیکرٹری جنرل اسپین میاں عمران ساجد اور تاجر برادری برطانیہ کے سنیئر رہنما چوہدری خالد محمود نے مشترکہ طور پر میاں محمد نواز شریف کو وطن واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نےلندن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بہتان بازی سے صحافیوں کو گریز کرنا چاہئے، مظاہرے کرنا ہیں تو پاکستان جا کر کریں۔میرے حق میں اور میرے خلاف لکھنے والے تمام صحافیوں کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں صحافت کا اہم کردار ہے، عوام صحافیوں کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں، غیبت، چغلی اور بہتان بازی سے صحافیوں کو پرہیز کرنا چاہئے اور تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مریم اورنگزیب سمیت دیگر خواتین کا لندن میں گھیراؤ کیا گیا، یہاں پاکستانیوں کے مظاہروں کا چار سال میں کیا فائدہ ہوا ہے؟ مظاہرہ کرنا ہے تو پاکستان جاکر کریں۔