• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنازع حل ہونے تک فلسطین میں امن نہیں، چین، سعودیہ کے امریکا، یورپی یونین سمیت کئی ممالک سے رابطے

کراچی ، ریاض (نیوز ڈیسک، شاہد نعیم ) حماس اسرائیل جنگ پر چین نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے تشدد اور کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔

 اسرائیل فلسطین تنازع کا حل دو ریاستوں کا قیام پر عمل درآمد اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، عالمی برادری کو ہنگامی بنیادوں پر ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ سعودی عرب نے اسرائیل اور حماس کی لڑائی پر امریکا، یورپی یونین سمیت کئی ممالک سے رابطے کئے ہیں۔

 پوپ فرانسس نے اسرائیل اور حماس سے کارروائیاں روکنے کا مطالبہ، یمن، کویت، ایران، عراق، ترکیہ، اردن، لبنان اور دیگر مسلم ممالک میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، فلسطین تنازع ایک بار پھر اٹھنا ظاہر کرتا ہے کہ امن عمل کو طویل عرصے تک تعطل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ 

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جلد سے جلد امن بات چیت بحال کرانے کی ضرورت ہے، فوری ضرورت ہے کہ عالمی برادری دیرپا امن کے لیے راستہ نکالے۔

 ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقاصد کے حصول کے لیے چین عالمی برادری کے ساتھ انتھک محنت سے کام کرتا رہے گا۔ 

سعودی وزیر خارجہ شہزاد ہ فیصل بن فرحان نے امریکا، مصر، قطر، اردن کے ہم منصبوں اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ، جس میں فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب غیر مسلح فلسطینیوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے کو مسترد کرتا ہے.

 سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور تمام فریقوں کو بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ 

انہوں نے صورتحال کو پرامن کرنے اور مزید تشدد سے بچنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیاہے، ٹیلی فونک رابطے میں غزہ اور اس کے گرد ونواح کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر بات چیت کی گئی۔ 

سعودی عرب نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

اہم خبریں سے مزید