کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے ہراکر دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ نئی دہلی میں بدھ کو 273 رنز کا ہدف بھارت نے باآسانی 35 اوورز میں حاصل کرلیا۔ پلیئر آف دی میچ کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز 5 چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ یہ ورلڈ کپ میں ان کی ساتویں اور بھارت کیلئے تیز ترین سنچری ہے۔اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل کیریئر کا554واں چھکا مار کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گیل نے 553، شاہد آفریدی نے476، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے398چھکے مارے تھے۔کپل دیو نے1983کے ورلڈ کپ میں72گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ ایشان کشن نے47رنز بنائے ۔ ویرات کوہلی55اور شریاس ایئر25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے272 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر جسپریت بمرا نے دس اوورز میں39رنز دے کر چار ، ہاردیک پانڈیا نے دو جبکہ شردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ لی۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی نے88گیندوں پر80رنز بنائے ان کی اننگز میں ایک چھکا اور8چوکے شامل تھے۔ عظمت اللہ عمر زئی نے62 رنز69 گیندوں پر بنائے۔ انہوں نے چار چھکے اور دو چوکے مارے۔ رحمٰن اللہ گُرباز اور رحمت شاہ 21 اور16رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ابراہیم زدران نے22، اورراشد خان نے16رنز بنائے۔