اولڈہم (آصف مغل) نواز شریف پاکستان کی تقدیر بدلنے جا رہے ہیں ۔ پاکستان و آزادکشمیر کا بچہ بچہ محبوب قائد کا فقیدالمثال استقبال کرنے کےلئے بے تاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ برطانیہ کے سابق سینئر نائب صدر راجہ مقصود کاکڑوی اور مرکزی رہنما چوہدری نذر حسین نےروزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف کے خلاف بنائے گئے مقدمات کاسامنا ہمارے قائد نے ڈٹ کر کیا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ان تمام سازشوں کے باوجود وہ میاں نوازشریف کی مقبولیت اور عوام کے دلوں سے محبت کم نہ کر سکے ۔ راجہ مقصود کاکڑوی نے کہا کہ تمام سازشی عناصر اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں لیکن مسلم لیگ انتقام اور چور دروازے کی سیاست کو پہلے بھی مسترد کرتی تھی اور آج پھر نوازشریف جمہوری روایات کو قائم کرکے پاکستان کی خوشحالی اور پسے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے وطن جا رہےہیں ۔ اس موقع پر ن لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری نذر حسین نے کہا کہ نوازشریف واپس جاکر پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں گے ،ان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔