ہیما مالنی اور دھرمیندر بھارتی سنیما انڈسٹری کے دو ایسے نام ہیں جنہیں اسکرین پر دیکھنے کیلئے پرستار بےتاب رہتے تھے۔
دونوں نے شعلے، سیتا اور گیتا، دل لگی، دی برننگ ٹرین اور ڈریم گرل نامی فلموں میں ساتھ کام کیا۔
1980 میں دھرمیندر نے ہیما مالنی سے شادی کی، ان کی محبت کی کہانی بہت پرکشش ہے لیکن اس زمانے میں اس کہانی میں بہت پیچ و خم تھے۔
ہیما مالنی کی سوانح عمری کے چند اقتباسات آج کل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
ہیما مالنی کے والد نے ایک بار دھرمیندر کو گھر آنے پر بہت ڈانٹا تھا، انہوں نے کہا کہ تم میری بیٹی کی زندگی سے نکل کیوں نہیں جاتے؟ تم شادی شدہ آدمی ہو، تم میری بیٹی سے شادی نہیں کرسکتے۔
خیال رہے کہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے چار بچے تھے۔
کتاب 'ہیما مالنی: بیونڈ دی ڈریم گرل' میں درج ہے کہ اداکارہ کے والدین نے ان کی شادی جتیندر سے طے کردی تھی لیکن یہ شادی نہ ہوسکی۔
دھرمیندر نے ہیما مالنی سے التجا کی تھی کہ جتیندر سے شادی کرنے کی غلطی نہ کریں، جتیندر نے اپنے ایک قریبی دوست سے کہا تھا کہ میں ہیما مالنی سے شادی نہیں کرنا چاہتا، میں اس سے محبت نہیں کرتا، نہ تو وہ مجھ سے محبت کرتی ہے لیکن میری فیملی یہ شادی کروانا چاہتی ہے تو شاید میں کرلوں، لڑکی تو اچھی ہے۔
یاد رہے کہ ہیما مالنی اور دھرمیندر کی دو بیٹیاں ہیں، ایشا دیول اور اہانا دیول۔