کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’جوان‘ میں دکھائے گئے چند واقعات حقیقت پر مبنی ہیں۔
بھارتی فلم کے ایک حصے میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے ایک سرکاری اسپتال میں معصوم بچے آکسیجن کی عدم فراہمی کی وجہ سے نسیفلائٹس (encephalitis) نامی بیماری کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، فلم میں ایک خاتون ڈاکٹر کو بچوں کی جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے لیکن اس کے باوجود اُسی ڈاکٹر کو بچوں کی جان لینے پر سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا جاتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق فلم میں شامل یہ واقعہ حقیقت پر مبنی ہے، جو بھارتی شہر گورکھ پور میں پیش آیا تھا۔
اگست 2017 میں ایک سرکاری اسپتال بی آر ڈی میڈیکل کالج میں آکسیجن کی عدم فراہمی کے باعث تین دن کے اندر 63 بچے ہلاک ہو گئے تھے، اس وقت کفیل خان نامی ایک مسلمان ڈاکٹر نے مزید بچوں کو مرنے سے بچانے کی سر توڑ کوشش کی، یہاں تک کہ اپنے خرچے پر آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنایا جس پر پہلے انہیں ہیرو قرار دیا گیا تاہم بعدازاں متعلقہ حکام نے ڈاکٹر کفیل کو ہی مورد الزام ٹہرایا اور لاپرواہی اور کرپشن کے الزامات عائد کر کے انہیں معطل کردیا اور گرفتار کر کے نو ماہ کیلئے جیل بھیجا دیا تھا۔
اپریل 2018 کو الہٰ آباد ہائی کورٹ میں الزامات ثابت نہ ہونے پر بلآخر ڈاکٹر کفیل خان کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا اور انکوائری پینل کی تحقیقات میں بھی ڈاکٹر کو بے گناہ قرار دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ فلم جوان میں حقیقت پر مبنی دوسرا واقعہ بھارتی فورسز کے زیر استعمال ہتھیاروں کا ہے، جس نے ان کے ہتھیاروں کے معیار کا پول بھی کھول دیا۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ بھارتی فوجی اہلکاروں کو خراب ہتھیار دیے جاتے ہیں، جس کے باعث متعدد اہلکار ہلاک ہو جاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 2020 میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ناقص ہتھیاروں کے استعمال کے باعث گزشتہ 6 برسوں کے دوران 403 حادثات میں 27 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ 960 کروڑ روپے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
2015 میں بھارتی فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل دیپک ملہوترا نے دہلی ہائی کورٹ میں ایک پی آئی ایل فائل کر کے یہ الزام عائد کیا کہ بیوروکریٹک رکاوٹوں کی وجہ سے ان کے فوجی اہلکاروں کو بے کار ہتھیار استعمال کرنے پڑتے ہیں، جس کے باعث اہلکاروں کی جان کو خطرہ درپیش ہے۔
2017 کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے پاس 40 فی صد گولہ بارود ایسا ہے جو جنگ کی صورت میں 10 دن سے زیادہ نہیں چل سکے گا۔ 2018 میں بھارتی فوج نے میڈ اِن انڈیا رائلفز کو دوسری بار مسترد کردیا تھا کیونکہ ٹرائل کے دوران یہ ہتھیار ناکام ثابت ہوئے تھے۔