دنیا کی 10 بڑی انجینئرنگ کمپنیوں میں سے ایک مائن ہارڈ سنگاپور کے پاکستانی نژاد سربراہ ڈاکٹر نسیم شہزاد نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نواز شریف کی حمایت کر دی۔
اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ہمیشہ پاکستان نے معاشی ترقی کی ہے، نواز شریف خود ایک کاروباری شخصیت ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ معاشی ترقی ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے لہٰذا اگر وہ اقتدار میں آئے تو یہ پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بہتر ہو گا۔
ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے صورت حال اس وقت موزوں نہیں اور انہیں سرمایہ کاری کے لیے بہت سے مسائل کا سامنا رہتا ہے خاص طور پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو سہولت میسر نہیں ورنہ دنیا کے ہر ترقی یافتہ یا غیر ترقی یافتہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت حاصل ہوتی ہے جہاں وہ اپنے کاروباری مسائل کے حل کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے طویل مدتی سرمایہ کار پالیسیاں تیار کرنا ہوں گی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کار طویل مدت کے لیے سرمایہ کاری کر سکیں۔
ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا کہ اگر غیر ملکی سرمایہ کار نفع نہیں کما سکے گا تو دوسرے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب نہیں ہوں گے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ پرانے سیاستدانوں کو سرمایہ کاری اور تجارت کی وزارتیں دینے کے بجائے ماہرین کو ایسی وزارتیں دے جو بہترین پالیسیوں کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کر سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میری کمپنی دنیا کی 10 بڑی انجینئرنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے 55 ممالک میں دفاتر ہیں اور 5 ہزار سے زائد ماہرین ان میں خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستان میں بہت سے شعبوں میں خدمات انجام دے سکتے ہیں تاہم اس کے لیے وفاق میں ایک سرمایہ کار دوست حکومت کی ضرورت ہے جس کے لیے نواز شریف بہترین چوائس ہو سکتے ہیں۔