لوٹن ( شہزاد علی) شیڈو منسٹر عمران حسین سمیت 39لیبرایم پیز نے ایک پارلیمانی یادداشت پر دستخط کرکے اسرائیل فلسطین جنگ بندی کامطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب میئرلندن صادق خان ،،سکاٹش لیبر لیڈر انس سروراور میئرگریٹرمانچسٹر اینڈی برنہم بھی سٹارمرسے اختلاف کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد بحال، یرغمالیوںکو رہا،جنگ بندی کی جائے،جس کے بعد لیبرلیڈرپر موقف بدلنے کیلئے دبائو بڑھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ منسٹر میں 39 لیبر ایم پیز بشمول لیبر شیڈو منسٹر عمران حسین نے ایک پارلیمانی پٹیشن پر دستخط کئے ہیں جس میں اسرائیل اورفلسطین کے موجودہ بحران میں فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور دشمنی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ادھر تین اہم شخصیات مئیر لندن صادق خان، سکاٹش لیبر لیڈر مسٹر سرور اور مئیر گریٹر مانچسٹر اینڈی برنہم کی سوچ لیبر پارٹی کے لیڈر سے مختلف طور پر سامنے آئی ہے اور اس سوچ اور ان کے مطالبات کو لیبر پارٹی کے بنیادی ورکرز کی بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہے جس کے باعث لیبر پارٹی لیڈر پر دباؤ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے کہ وہ اسرائیل کی یک طرفہ حمایت بند اور فلسطین کے مسئلے کے آبرومندانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ جنگ اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت رکوائی جائے۔لیبرلیڈر سٹارمر کے بیان کے بعد تقریباً 20 کونسلرز احتجاجاً لیبر پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ آکسفورڈ میں استعفوں کی وجہ سے لیبر مقامی کونسل میں اپنی اکثریت کھو بیٹھی ہے، اب ویسٹ منسٹر میں متعدد لیبر ایم پیز نے ایک پارلیمانی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس میں "فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور دشمنی کو ختم کرنے" کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سر کیر سٹارمر پر اسرائیل غزہ جنگ کے بارے میں اپنی پوزیشن تبدیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ میئر لندن صادق خان ،اینڈی برنہم اور سکاٹش لیبر لیڈر انس سرور نے اپنے پارٹی لیڈر سے اختلاف کیا ہے۔ ایک بیان میں گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہم نے کہا کہ انھیں غزہ میں جانوں کے ضیاع پر گہرے خدشات ہیں اور یہ کہ اس علاقے میں فوری مدد اور انسانی امداد کی اجازت دینا بہت ضروری ہے۔ مختلف رہنماؤں نے کہا کہ ہر طرف سے جنگ بندی ہونی چاہیے اور تمام یرغمالیوں کو "بغیر کسی نقصان کے رہا کیا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ مئیر لندن صادق خان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ لندن کے میئر کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ لیبر لیڈر پر دباؤ ڈالتا ہے۔ صادق خان اور لیبر لیڈر کیئر سٹارمر کے موقف میں واضح فرق برطانیہ کی مرکزی اپوزیشن پارٹی کے اندر تنازع اور بے چینی کو نمایاں کرتا ہے۔ صادق خان لیبر کے اندر ایک سینئر آواز اور برطانیہ کے سب سے ممتاز مسلم سیاست دانوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہیں لیکن یہ کہ فوجی اضافہ غزہ میں انسانی بحران کو مزید خراب کر سکتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ وہ جنگ بندی کے مطالبے میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہیں ۔ اس سے اموات بند ہو جائیں گی اور غزہ میں ضروری امدادی سامان ان لوگوں تک پہنچ سکے گا جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ سکاٹش لیبر لیڈر مسٹر سرور نے کہا کہ ہمیں یرغمالیوں کی فوری رہائی، انسانی امداد کی فوری رسائی اور غزہ کے اندر اور باہر راکٹ فائر کے خاتمے کے ساتھ تشدد کے فوری خاتمے کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔