• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت حکومت مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے آبادی کا تناسب تبدیل کررہی ہے، مقررین

دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ نے 27اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ ، الطاف حسین وانی، چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (KIIR) ،چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، یورپی یونین اور ہالینڈز میں پاکستانی طالب علموں کی نمائندہ رامین غوری نے خطاب کیا۔سیمینار میں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں، ماہرین تعلیم، یونیورسٹی کے طلباء اور کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے جموں و کشمیر کے تنازع کی تاریخی، سیاسی، قانونی اور انسانی جہت پر روشنی ڈالی، انہوں نے ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے ساتھ یکطرفہ الحاق کے مضمرات کو بھی اجاگر کیا۔ سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا تنازع ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بنیادی تنازع ہے۔ یہ 27اکتوبر 1947کو جموں و کشمیر پر ہندوستانی قبضے کے بعد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر التوا سب سے طویل تنازعات میں سے ایک ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے۔ سیمینار میں وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی مشیر مشعال حسین کی جانب سے بھیجا گیاایک ویڈیو پیغام اور مقبوضہ جموں و کشمیرحالیہ ظلم وستم پر مبنی ایک مائیکرو دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ الطاف حسین وانی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ سے تقریب میں شرکت کی اور بھارتی حکومت کی طرف سے آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی وجہ سے کشمیری عوام کے مصائب اور ان کی شناخت کو لاحق خطرات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں تنازع کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت کے مظالم اور بھارتی غیر قانونی قبضہ میں جموں و کشمیر (IIOJK) میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر زور دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت سے اقوام متحدہ میں کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے پر زور دیں۔ طالب علموں کی نمائندہ محترمہ رامین غوری نے IIOJK میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر روشنی ڈالی اور بین الاقوامی سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال سے واضح ہے کہ اس طرح کی ناانصافیوں کا بر وقت حل کیا جائے۔ سفیرسلجوق مستنصر تارڑ نے یوم سیاہ کشمیر کے مناسبت پر سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے منعقدہ سیمینار میں شمولیت پر مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

یورپ سے سے مزید