لوٹن (شہزاد علی) میئر لوٹن کونسلر یعقوب حنیف نے کہا ہے کہ عمران خان ایسا لیڈر ہے جس کی عزت اور احترام عالمی سطح پر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ نوٹ کیا کہ عمران خان کی وزارت عظمی کے خاتمے کے بعد پاکستان کی معیشت کریش کر گئی۔ آج ایسی لیڈر شپ کی پاکستان کو ضرورت ہے جو عالم اسلام کے مسائل پر توانا آواز بلند کرسکے اور 5سال تک حکومت کی مدت پوری کرنے دی جائے جب کہ ہم اوورسیز پاکستانی کشمیری کمیونٹی کو چاہئےکہ یہاں کی سوسائٹی میں مثبت تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ میئر کے علاوہ اکنامکس کے ٹیچر بھی ہیں۔وہ لوٹن کی ممتاز شخصیات ڈاکٹر یاسین رحمان اور چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی کی جانب سے منعقد تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل اور کنزرویٹو پارٹی کے کونسلر راجہ محمد اسلم خان نےکہا کہ عمران خان کو یہ کریڈٹ بھی جاتا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی نوجوان نسل کو انگیج کیا، انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی مخدوش صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ وہاں ہو رہا ہے بیرونی دنیا کو بہت غلط پیغام جا رہاہے، انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے آمریت قبول نہیں۔صدر تقریب پاکستان پیپلز پارٹی لوٹن کے سابق چیف آرگنائزر پیر سید اعجاز محی الدین قادری نے کہا کہ پاکستان میں نظام میں حقیقی تبدیلی کیلئے عمران خان بیش بہا قربانی پیش کر چکے ہیں جب کہ انہوں نے پاکستان کی قومی ائر لائن کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ائر لائن آخری ہچکیاں لے رہی ہے ۔فیض احمد گوندل نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ بحران میں وکلاء کو سلام جو سچ کیلئے کھڑے ہیں۔ پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے واضح کیا کہ پاکستان میں سیاسی عمل میں اسٹیبلشمنٹ کی غیر آئینی مداخلت کے سب سیاست دان ذمہ دار ہیں اور زور دیا کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ حقیقی جمہوریت کو پنپنے دے۔میزبان ڈاکٹر یاسین رحمان نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اگر ہم نے عمران خان کو ذوالفقار علی بھٹو کی طرح کھو دیا تو پاکستان میں مثبت تبدیلی نہیں آ سکے گی ،انہوں نے ناموس رسالت اور کشمیر کے حوالے عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی کاوشوں کو تاریخی قرار دیا۔ میزبان چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی نے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔ خطیب یوکے اسلامک مشن مدینہ مسجد اوک روڈ لوٹن علامہ محمد اقبال اعوان نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد جمہوریت اور اسلام ہے لیکن بدقسمتی سے ان حوالوں سے سازشیں کی گئیں پھر پاکستان میں مہنگائی، بے حیائی اور رشوت کو فروغ دیا گیا، انہوں نے کہا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تب ہی کامیابی حاصل ہوگی ا نہوں نے کہا کہ عمران خان وہ حکمران تھے جنہوں نے خارجہ پالیسی کو بدلنا چاہا تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا پیغام اچھے طریقے سے پیش کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر اسرار ملک نے کہا کہ عمران خان کا ماٹو انصاف کی فراہمی تھا اور وہ اب بھی اسی بیانیہ پر قائم ہیں اور کہا کہ عمران خان وحدت کی علامت ہیں۔ کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان نے پاکستان میں جاری سیاسی بحران اور درپیش حالات پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی لوٹن کے سابق صدر اعظم خان راجہ نے بھی عمران خان کیلئے اچھے احساسات اور خیالات کا اظہارکیا اور واضح کیا کہ ہمیں سچائی کیلئے پارٹی وابستگییوں سے بلند ہونا چاہئے۔ پی ٹی آئی کے رہنما آصف چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ترقی کی طرف گامزن کیا تھا مگر ان کے بعد ترقی کاوہ سفر رک گیا۔ شیراز خان نے پاکستان میں سیاسی اور جمہوریت کے علاوہ صحافتی آزادی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ پی ٹی آئی کے احتشام ڈار ،حافظ طارق محمود، ،راجہ شوکت اور خالد پرویز ملک کے علاوہ وٹفورڈ کمیونٹی رہنما امجد بوبی اور لندن سے طارق چوہدری نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا آغاز خطیب لوٹن سنٹرل مسجد علامہ حافظ اعجاز احمد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نظامت کا فریضہ سید حسین شہید سرور نے انجام دیئے۔ پروفیسر حفیظ نے عمران خان کیلئے اشعار پڑھے۔ تقریب میں چوہدری جمیل احمد، چوہدری خلیل احمد، چوہدری عقیل احمد، چوہدری شاہپال، سید عابد گیلانی، چوہدری محمد رمضان، کامران بٹ سمیت کثیر تعداد میں شرکت کی ۔