• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا الیکشن کروانے کی ذمہ داری لینا بڑی بات ہے، علی ظفر

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر برائے سینیٹ سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے کی ذمہ داری لی ہے یہ بہت بڑی بات ہے، سپریم کورٹ کے احکامات سے ثابت ہوگیا آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر مملکت کو ہے،ن لیگ کے سینئر رہنما، ماہر قانون بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ سیاسی معاملات عدالتوں میں نہیں جانے چاہئیں، ن لیگ نے اپنی حکومت میں مسلسل عمران خان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائے رکھا، عمران خان کو بھی اب سیاسی رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر برائے سینیٹ سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان بڑی خوشخبری ہے، اس سے پہلے انتخابات ہونے یا نہ ہونے سے متعلق بڑی افواہیں تھیں، سپریم کورٹ نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور ایوان صدر سے تاریخ لینے کا فیصلہ کیا، سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے کی ذمہ داری لی ہے یہ بہت بڑی بات ہے، سپریم کورٹ کے یہ الفاظ سنہری ہیں کہ ایوان صدر اور الیکشن کمیشن انتخابات کی جو تاریخ دیں گے وہ پتھر پر لکیر ہوگی،اگر کسی نے مداخلت کی تو سپریم کورٹ اس پر عملدرآمد کروائے گی۔ بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ انتخابات کا عمل شروع ہوگیا تو کسی خاص جماعت کے راستے میں رکاوٹیں دور ہوجائیں گی، عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کر کے منتخب حکومت لاسکیں گے، آئندہ پارلیمنٹ کو آئین کی خلاف ورزی روکنے کیلئے آئینی ترمیم کرنا ہوگی میں نے اس آئینی ترمیم کیلئے کام شروع کردیا ہے، آئین کے مطابق الیکشن 90دن میں نہ کروانے والوں کیلئے سزا کا تعین پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، نگراں حکومت او ر الیکشن کمیشن کا موقف تھا انتخابات کی تاریخ دینے کا اعلان الیکشن کمیشن کا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات سے ثابت ہوگیا آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر مملکت کو ہے۔
اہم خبریں سے مزید