ٹنڈو باگو ( نامہ نگار ) زیریں سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کے سالانہ عرس کے چوتھے روز ڈی ایس پی ٹنڈو باگو عثمان لغاری کی قیادت میں پولیس کے درجنوں اہلکاروں نے گزشتہ شب میلے میں پہنچ کر میلے کے بازار میں زائرین پر اندھا دھند لاٹھی چارج کرکے میلے کو بند کرادیا پولیس نے میلے میں لگے تھیٹر، میجک شو، ایرانی سرکس موت کے کنوؤں اور دیگر تفریحی شوز کے جنریٹر بند کراکے تمام شوز بھی بند کردیئے، زائرین کو ان شوز سے باہر نکال دیا پولیس کی اچانک کارروائی سے میلے میں بھگدڑ مچ گئی زائرین کے پیسے اور مو بائل فون گرگئے اور بھگدڑ سے کئی زائرین زخمی بھی ہوئے جبکہ پولیس گردی سے میلہ آنے والے مرد ،خواتین اور بچوں میں خوف وہراس پھیل گیا اس سلسلے میں درگاہ کے گدی نشین سید علی بخش شاہ نے معروف صوفی بزرگ سمن سرکار کے میلے میں زائرین پر تشدد کرکے میلہ ختم کرانےکی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پولیس کے اس عمل کے خلاف عدالت سے رجوع کرینگے جبکہ ڈی ایس پی ٹنڈو باگو نے بتایا کہ ایس ایس پی بدین کے حکم پر میلے میں کارروائی کی گئی اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ گدی نشین اور پولیس کے درمیان میلے کے بھتے پر تنازع ہوا جس کے دو روز سے گدی نشین گھر کے اندر بیٹھ گئے اور مبینہ طور بھتے کی رقم نہ ملنے پر پولیس نے کارروائی کر کے میلے کی تقریبات بند کرادیں جس سے میلے میں کاروبار کے لئے آنے والے سیکڑوں تاجروں کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے ۔