• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھلاڑیوں کو ایوارڈز اور ٹرافیاں دینے کیلئے قائداعظم پریمیئر اور ڈیوزبری ڈسٹرکٹ کرکٹ لیگز کی تقریب

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) قائداعظم پریمیئر کرکٹ لیگ اور ڈیوزبری ڈسٹرکٹ کرکٹ لیگ نے سال2023کرکٹ سیزن کے اختتام پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں اعلیٰ کارکردگی اور کامیابیاں سمیٹنے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز اور ٹرافیاں دی گئیں۔ تقریب میں یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کی شریک اور عبوری چیئر بیرونس ٹانی گرے تھامسن (DBE)، یارکشائر کرکٹ بورڈ کےڈائریکٹر پال کمنز، سابق برطانوی کرکٹر اور ٹیسٹ امپائر جان ہولڈر کے علاوہ 200سے زائد افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے آرگنائزراور قائداعظم پریمیئر کرکٹ لیگ کے بانی خواجہ بشارت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں کرکٹ کے کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوان نسل کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکتا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں، ذہانت اور جذبے سے مالامال ہیں اور انہیں دنیا بھر میں جہاں بھی موقع ملتا ہے وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتےہوئے اپنی ذہانت کا لوہا منواتے ہیں، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف مصروف رکھنا سب سے زیادہ اہم ہے، انہوں نے کہا کہ قائداعظم پریمیئر کرکٹ لیگ چار سال سے جدوجہد کر رہی ہے مختلف لیگز سے مل کر کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے۔یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کی شریک چیئر اور عبوری چیئر پرسن بیرونس ٹانی گرے تھامسن کا کہنا تھا 23 سال قبل نیلسن مینڈیلہ نے کہا تھا کہ کھیل دنیا کو بدلنے کی طاقت رکھتا ہے، اس میں حوصلہ افزائی ،لوگوں کو متحد کرنے کی طاقت ہے، کھیل مختلف قومیتوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ آج مختلف کرکٹ ٹیموں کا ایک دوسرے کی کامیابیوں کا جشن مناتے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ یارکشائر کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر پال کمنز ، سابق برطانوی کرکٹر اور ٹیسٹ امپائر جان ہولڈر نے بھی روزنامہ جنگ لندن سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کرکٹ میں مزید کامیابیوں کیلئے کرکٹ میں یکسوئی کے ساتھ محنت اور کھیل کو انجوائے کرتے ہوئےکرکٹ کے سفر کو جاری رکھنا ہو گا۔ اس موقع پر یارکشائر کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر پال کمنز اور ایلن برکنشا چیف ایگزیکٹو آفیسر گورڈن رگ ، ٹریور اٹکنسن، سٹین گوسٹیلو ، ٹونی بووری اور دیگر نے جیتنے والی ٹیموں اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں پیش کیں۔

یورپ سے سے مزید