کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برداری کو دیوالی کے تہوار کی مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے دیوالی کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تہوار روشنی و خوشی کی علامت کے ساتھ ساتھ اندھیروں پر روشنی اور برائی پر اچھائی کی فتح کا پیغام بھی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بین المذاہب رواداری و ہم آہنگی اور بھائی چارے و اتحاد میں یقین رکھتی ہے۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے آئین میں اقلیتوں کو یکساں حقوق دیئے گئے ہیں۔