اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے غزہ میں ہسپتالوں پر بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسپتالوں میں زیرعلاج بچے اور بزرگ اسرائیلی درندگی اور بربریت کا شکار ہوگئے، عالمی برادری مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ غزہ میں الشفاء، العودہ، القدس اور انڈونیشین اسپتال کو اسرائیلی فوجیوں نے نشانہ بناکر دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کی۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل بچوں، بزرگوں اور عورتوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے تاکہ خوف پیدا کرکے غزہ سے وہ عوامی انخلاء کو ممکن بناسکے۔ انہوںنے کہاکہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں اسرائیلی جارحیت کے ہاتھوں ایک بچہ شہید ہورہا ہے اور نیتن یاہو سیز فائر سے انکار کررہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ امید کرتا ہوں کہ سعودی عرب میں آج غزہ میں جنگ کے خاتمے کے حوالے سے ہونے والی سمٹ فیصلہ کن ثابت ہوگی۔