• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرغون اسکیم کو کرکٹ کا میدان بنانے اور ون ویلنگ جیسے مسائل پر قابو پا لیا، زہواک

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن نے رہائشیوں کے تعاون سے اسکیم میں بڑھتی ہوئی چوریوں ، چھٹی کے دن کرکٹ کھیلنے والوں کے رش ، ون ویلنگ جیسے مسئلے پر کافی حد تک قابو پا لیا ۔ اسکیم کے رہائشیوں کو چھٹی ، بالخصوص جمعہ کے دن جگہ جگہ کرکٹ کے سجے میدانوں ، ون ویلنگ کرنے والوں کے علاوہ سیکورٹی کا مسئلہ در پیش تھا اور اسکیم سے آٹھ ماہ کے عرصے کے دوران بجلی کے تین ٹرانسفارمرز بھی چوری ہو چکے تھے اور ان مسائل کی وجہ سے اسکیم کے رہائشی سخت پریشان تھے۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے ایسوسی ایشن نے ایک سیکورٹی پلان ترتیب دیا اور اسکیم میں چوری چکاری اور ون ویلنگ /کرکٹ کے کھلاڑیوں کو باز رکھنے کیلئے پرائیویٹ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں اور اس کمپنی کو ادائیگی کیلئے تمام رہائشیوں، خالی گھروں اور زیر تعمیر مکانوں کے مالکوں سے ماہانہ صرف ایک ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ کمپنی کو ادائیگی کی رسید بھی وٹس ایپ گروپ میں شئیر کی جا چکی ہے۔ سیکورٹی کے لیے وصول کی جانے والی 1500 روپے ماہانہرقم ماضی کی طرح کچرہ اٹھانے والے اور پیش امام کی تنخواہ کی ادائیگی کی بجائے صرف اور صرف سیکورٹی کیلئے استعمال کی جا رہی ہے اور اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں ۔ سیکورٹی کمپنی کے اہلکار رات کے وقت گشت کرتے ہیں اور انہوں نے ایسوسی ایشن کی ہدایت پر خالی گھروں میں چوکیداروں کی ملی بھگت سے لگائی جانے والی محفلوں کو بند کرا دیا ہے جبکہ جمعہ کے روز اسکیم میں کوئی بھی کرکٹ کھیلتا نظر نہیں آیا۔ جسے ایسوسی ایشن اپنی کامیابی سمجھتی ہے جو صرف اور صرف رہائشیوں کے مالی تعاون سے ہی ممکن ہوئی۔ ایسوسی ایشن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکورٹی معاملات کو رفتہ رفتہ کنٹرول کیا جا رہا ہے اور آنے والے دنوں میں سیکورٹی معاملات میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ بیان میں کرکٹ کھیلنے والوں ، جگہ جگہ بلا وجہ محفل سجانے والوں، موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسکیم میں اپنی سرگرمیاں بند کر دیں ورنہ انہیں بھر پور کارروائی کرتے ہوئے حوالہ پولیس بھی کیا جائیگا۔ زہواک کے صدر محمد رمضان ملا خیل نے تمام رہائشیوں، زیر تعمیر گھروں اور خالی گھروں کے مالکان کے مالی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تعاون کے بغیر سیکورٹی کا مسئلہ تشنہ تکمیل رہتا۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسکیم ہم سب کی سانجھی ہے اور کسی ایک کی تکلیف ہم سب کی تکلیف ہے۔ چند ممبران کے عدم تعاون کی وجہ سے کچھ مشکلات بھی درپیش ہیں۔ بیان میں ایسے ارکان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی اسکیم کے مسائل کے حل میں اپنا اخلاقی فریضہ نبھائیں اور ذاتی پسند و نا پسند سے بالا تر ہو کر اسکیم کی بہتری کیلئے آگے بڑھیں تاکہ مسائل کو احسن طریقے سے حل کیا جا سکے۔
کوئٹہ سے مزید