کراچی( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی اہم پیش رفت، ٹاؤن چیئر مین عاطف علی خان، وائس چیئر مین ضیاء جامعی اور ٹاؤن کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں سے 15سال پرانی ناکارہ مشینری اور گاڑیوں کو قلیل مدت میں کم سے کم بجٹ میں مرمت کر کے دوبارہ کار آمد اور قابل ِ استعمال بنا لیا جس کے بعد صفائی ستھرائی کے نظام میں تیزی آئے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے منگل کو ٹاؤن آفس میں مشینری فلیٹ کا افتتاح کیا اور ٹاؤن چیئر مین اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ٹاؤن چیئر مین عاطف علی خان، وائس چیئر مین ضیاء جامعی، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد عمران سولنگی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مشینری فلیٹ میں، اسپرے مشینیں، ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر ضروری مشینری شامل ہیں۔ اس موقع پر ٹاؤن کے ڈرائیوروں کو ٹرالیوں کی چابیاں بھی حوالے کی گئیں۔