اولڈہم (آصف مغل) تارکین وطن پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والوں کی اپنے آبائی شہر اور گرد و نواح کے دیہات کیلئےخدمات کو یاد رکھا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار جہلم کے دلنواز احمد نے جہلم فورم برطانیہ کی جانب سےاپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں مختصر مدت کیلئے برطانیہ آیاہوں لیکن اس عرصہ میں جو پیار و لگن اور جذبہ حب الوطنی میں نے پردیس میں بسنے والے لوگوں میں دیکھا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستانیوں نے ہر شعبہ زندگی میں لوہا منوایا ہے خصوصاً ہمارے نوجوان اعلیٰ تعلیم سے بہرہ ور اور نجی شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں بلکہ اعلیٰ حکومتی عہدوں کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے مقتدر ایوانوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں ۔ اس موقع پر جہلم فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری الیاس گوندل ایڈووکیٹ نے فورم کے اغراض و مقاصد اور ضلع جہلم میں جاری فلاحی پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔جہلم فورم برطانیہ کے صدرچوہدری انور یعقوب نے مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پاکستان میں ان کے تعاون اور رہنمائی کے متمنی ہیں۔ عشائیہ میں ڈپٹی چیف ایکشن کمیٹی حاجی چوہدری محمد رفیق ، چیئرمن شکایت سیل جمیل بھٹی ، سینئر ممبرچوہدری محمد شریف ، محمد عامر ، ریاض الحسن ، بانی جہلم فورم مرزا شہزاد اور دیگر نے شرکت کی۔