غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے دوران صیہونی فوج نے الاہلی اسپتال پر بھی وحشیانہ حملے کردیئے، سیکڑوں فوجی اسپتال کی عمارت میں داخل ہوگئے ، غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ، صابرہ میں مسجد پر بمباری میں شہید افراد کی تعداد 50ہوگئی ، اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقوں کو بھی انخلا کی دھمکی دیدی ،خان یونس سمیت جنوب کے چار علاقوں میں اسرائیلی طیاروں نے پمفلٹ گراتے ہوئے فلسطینی شہریوں کو مغربی غزہ کی طرف جانے کی دھمکی دی ہے ، اسرائیلی فوج نے غزہ کی بندرگاہ پر بھی قبضے کا دعویٰ کردیا ہے ، غزہ میں ایندھن ختم ہونے کے بعد انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس مکمل طور پر بند ہوگئی ،غزہ میں حکومتی میڈیا کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل طہوابتا کا کہنا ہے کہ سروس بند ہونے سے اسرائیل کو اپنے جنگی جرائم چھپانے میں مدد ملے گی ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پہلی بار غزہ کے معاملے پر قرارداد منظور کرتے ہوئے جنگ میں عارضی وقفے کا مطالبہ کیا ہے تاہم صیہونی ریاست نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو مسترد کردیا ہے ، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک بار پھر غزہ میں مکمل جنگ بندی اور خونریزی روکنے کا مطالبہ کردیا ہے ،اقوام متحدہ کے متعدد اداروںاور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کے سربراہوں نےغزہ میں یکطرفہ طور پر محفوظ قرار دیئے گئے علاقوں کو مسترد کردیا ہے ، القسام بریگیڈ کا کہنا ہےکہ جمعرات کے روز انہوں نے غزہ کی پٹی میں مختلف حملوں کے دوران دراندازی کرنے والے اسرائیلی ٹینکوں سمیت 21فوجی گاڑیاں مکمل یا جزوی طور پر تباہ کردی ہیں، القسام کے مطابق بیت لاہیا کے مغرب میں 5 اسرائیلی گاڑیوں کو "ال یاسین 105" میزائلوں سے صفر فاصلے سے نشانہ بنایا اور ان میں سے دو کو تباہ کر دیاگیا ، بتایا گیا کہ انہوں نے ایک عمارت میں چھپے ہوئے صیہونی فوجیوں پر بھی حملہ کیا جس میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی امدادی ادارے ریڈ کریسنٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے الاہلی اسپتال کو بھی گھیرے میں لے لیا ، عملے کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے یا زخمیوں کے علاج تک کی اجازت نہیں دی جارہی ، دوسری جانب غزہ کے الشفا اسپتال پر مسلسل پانچویں روز بھی کارروائی جاری رہی جہاں ہزاروں افراد اور مریض قیدی بن کر رہ گئے ہیں،اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور بلڈوزر نے شعبہ طب اورریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ مکمل طور پر تباہ کردیا جبکہ شعبہ برنس اور ڈائلائسز کےشعبوں کی عمارتوں پر بمباری کردی ، غزہ میں شعبہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے متعدد شہداء کی میتیں نامعلوم مقام پر منتقل کردی ہیں جبکہ اسپتال کو فوجی بیرکس میں تبدیل کردیا گیا ہے ، اسپتال کا پانی تک بندکیا جاچکا ہے ، اسرائیلی فوج کے ایک اہلکار نے گزشتہ روزکہا کہ اسپیشل فورسز کے جاری چھاپے کے دوران حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد سے متعلق فوٹیج الشفاء اسپتال کے کمپیوٹرز پر ملی ہیں،جبکہ حماس نے کہا کہ اسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔فلسطینی مہاجرین کیلئے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی کا کہنا ہے کہ ایندھن ختم ہونے کے بعد غزہ میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند ہوگیا ہے ، غزہ کا مکمل طور پر مواصلاتی بلیک آوٹ ہوگیا ہے۔