پشاور(نیوزرپورٹر) قومی اسمبلی کے سابق سپیکر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کے لئے ایک مرتبہ پھر پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی ۔سابق سپیکر نے سید سکندر حیات شاہ ایڈوکیٹ کی وساطت سے رٹ دائر کی ہے۔ رٹ پٹیشن میں صوبائی حکومت, آئی جی پولیس, ڈی جی نیب, ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق سپیکر ہے ان کے خلاف جتنے مقدمات ہیں ان کی تفصیل فراہم کی جائے۔ اسد قیصر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دونوں ایوانوں قومی اور صوبائی اسمبلی کے سپیکر رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوئی تو اس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔رٹ کے مطابق عدالتیں ایک مقدمے میں ضمانت دیتی ہے تو پی ٹی آئی رہنماؤں کو دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جاتا ہے سیاسی نوعیت کے کیسز میں ان کو بے جا تنگ کیا جاتا ہے۔ اینٹی کرپشن کے دو مقدمات میں درخواست گزار کی ضمانت ہوگئی ہے اور انسداد دہشتگردی مقدمے میں بھی عدالت نے ریلیف دیا ہے جس کے بعد اینٹی کرپشن نے گجو خان میڈیکل کالج کے لئے طبی الات کی خریداری میں خوردبرد کا الزام لگا کر گرفتار کیا گیا ۔لہذا درخواست گزار کے خلاف جتنے مقدمات ہیں ان کی تفصیل فراہم کی جائےتاکہ وہ قانون کے مطابق ان کا سامنا کریں۔