لاہور(ٹی وی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کچھ دن پہلے بلاول پیپلزپارٹی کی حکومت کے آنے کا دعویٰ کرتے رہے، اب وہ مخلوط حکومت کی بات کر رہے ہیں لیکن اگلے چند دنوں میں بلاول مان جائیں گے کہ آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی آ رہی ہے۔پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پی ٹی آئی کے منحرف سابقہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر لیگی صوبائی صدر نے بلاول بھٹو زرداری کو چھوٹا بھائی سمجھ کر مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہمارے خلاف الیکشن لڑنے کے لئے ہمارے خلاف باتیں ضرور کریں لیکن ہم نے اوئے توئے کی سیاست اور تصادم سے ہر صورت میں بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہملک میں جمہوریت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے اس لئے اب شاید سیاست میں ماضی کی طرح مداخلت نہ ہو سکے۔