برمنگھم (پ ر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری و سابق مشیر آزاد کشمیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای نے پیپلزپارٹی پاکستان کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے کہ اب پاکستان میں 70سالہ بابوں کو گھر بیٹھ کر ملک کی سلامتی کی دعا کرنی چاہئے اور ماضی کی اپنی غلطیوں کی معافی مانگنی چاہئے۔ سعید مغل ایم بی ای نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کا بھی خیرمقدم کیا کہ فیصلے پہلے اور الیکشن بعد میں کرانےکا کوئی فائدہ نہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اتحادی جماعتوں نے ماضی میں اپنے مفاد کیلئے دشمنیوں کے دروازے کھولے اور بے تحاشہ مال بنایا مگر عوام کو کچھ نہیں ملا سوائے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا جس سے ملک بحران میں مبتلا ہوا،سعید مغل نے کہا بلاول بھٹو زرداری کا خطاب عوام کی خواہشات کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہاصرف بلاول بھٹو زرداری ملک کوبحران سے نکال سکتے ہیں جس سے ملک اور عوام کو فائدہ ہوگا۔ سعید مغل نے کہا اگر صاف و شفاف الیکشن ہوئے تو کامیابی پیپلزپارٹی کی ہوگی۔