راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پی ڈی ایم حکومت میں اس لیے کامیاب نہیں ہوئے اس کی وجہ ہمارے اتحادی خدمت کرنے کے بجائے اپنا ذاتی دشمنیوں پر توجہ دے رہے تھے۔چترال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی پورے ملک میں ہے لیکن تمام مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، پیپلز پارٹی کے ہر دور میں لوگوں کو روزگار ملا۔انہوں نے کہا کہ بے نظیربھٹوکے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں، بے نظیر نہتی لڑکی ہوتے ہوئے دوآمروں سے ٹکرائی، عوام ان کے ساتھ تھے، جب ملک کی صورت حال دیکھتا ہوں بہت افسوس ہوتا ہے، عوام کی تکالیف کودورکرنا چاہتا ہوں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ جس سمت میں ہمارا ملک چل رہا ہے اس سے مسائل میں کمی نہیں اضافہ ہوگا، پرانے سیاست دان جس طرح سے سیاست کررہے ہیں عوام کی تکالیف مزید بڑھیں گی، ان کا ارادہ ہے کہ یہ حکومت بناکراپنی ذاتی دشمنیاں پوری کریں، یہ حکومت میں آکر انتقامی سیاست کرنا چاہتے ہیں، مجھے اعتراض پرانے سیاستدانوں پرنہیں بلکہ 70سال پرانی سیاست کرنے پر ہے، پرانے سیاستدانوں کی70سال پرانی سیاست کرنے سے ملک کونقصان ہوا ہے۔چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ہم پی ڈی ایم حکومت میں اس لیے کامیاب نہیں ہوئے اس کی وجہ ہمارے اتحادی خدمت کرنے کے بجائے اپنا ذاتی دشمنیوں پر توجہ دے رہے تھے، اب عوام کا مطالبہ ہے کہ پرانے سیاستدانوں سے جان چھڑائیں، ہمیں بزرگوں کا احترام کرنا سکھایا گیا ہے لہٰذا پرانے سیاستدان سیاست چھوڑیں۔