کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کراچی کی تین اہم شاہراہوں پر واقع عمارتوں میں فائر اینڈ سیفٹی اقدامات جانچنے کے لیے محکمہ فائر بریگیڈ سے انسپکشن افسران مقرر کردیئے ہیں، نامزد کردہ افسران پہلے مرحلے میں شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ قائدین اور طارق روڈ پر واقع عمارتوں کا مکمل سروے کرکے پندرہ یوم کے اندر رپورٹ پیش کریں گے جس کی روشنی میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ آگ لگنے کی صورت میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، انسپکشن ٹیم چیف فائر آفیسر اشتیاق احمد، ٹیم لیڈر یو ایس اے آر محمد ہمایوں اور اسٹیشن آفیسر لانڈھی فائر اسٹیشن غلام فخر الدین پر مشتمل ہے، سروے کے لئے محکمہ فائر بریگیڈ سے ان ٹیموں میں مزید اراکین کا انتخاب کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر واقع عمارتوں کے فائر اینڈ سیفٹی آڈٹ کے لیے چیف فائر آفیسر اشتیاق احمد کو معائنہ کار افسر مقرر کیا گیا ہے جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی قیادت ٹیم لیڈر یو ایس اے آر فائر بریگیڈ محمد ہمایوں اور شاہراہ قائدین اور طارق روڈ پر واقع عمارتوں میں فائر اینڈ سیفٹی اقدامات کے معائنے کے لیے اسٹیشن آفیسر لانڈھی فائر اسٹیشن غلام فخر الدین معائنہ کار افسر مقرر کئے گئے ہیں۔