• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال2025 میں اسپیشل سیکورٹی یونٹ نے متعدد سنگ میل عبور کئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سال2025 میں سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ما تحت اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے متعدد سنگ میل عبورکیے۔ سال بھر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (SWAT) نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متعدد چھاپہ مار کارروائیوں میں حصہ لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایس ایس یو سواٹ ٹیم نے آتشزدگی اور عمارتوں کے انہدام جیسے ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت ریسکیو آپریشنز انجام دیے اور پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالا۔ترجمان ایس ایس یو کے مطابق سال بھر کے دوران اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) نے سندھ بھر میں اہم شخصیات اور نہایت حساس تقریبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم پر کاربند رہتے ہوئے مؤثر اقدامات کیے۔ ایس ایس یو کمانڈوز نےمعزز شخصیات کے 1400 دوروں اورموومنٹ کے دوران جامع حفاظتی انتظامات انجام دیئے۔ پاکستان میں 29 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کسی ایونٹ کی میزبانی ملک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوئی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے سیکیورٹی ڈویژن اور ایس ایس یو کی جانب سے سخت اور جامع سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ ٹورنامنٹ پرامن اور کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوا جس کے دوران بین الاقوامی کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی۔کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایس یو کمانڈوز کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا جن میں لیڈی کمانڈو ز بھی شامل تھیں۔کمانڈوز کو اہم اور حساس مقامات پر تعینات کیا گیا جن میں نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ ایریاز، ہوٹلز اور دیگر اہم مقامات شامل تھے۔

ملک بھر سے سے مزید