بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل )مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی ممبر مجلس عاملہ شکیل طاہر مغل کے اعزاز میں مفتی کامران حبیب اور ان کے بھائی عمران خان کی جانب سے بریڈفورڈ میں عشائیہ کااہتمام مقامی ہوٹل میں کیاگیا۔ عشائیہ میں حلقہ نمبر2مڈبیسی کی یوتھ ونگ کی بڑی تعداد کے علاوہ سینئر لیگی رہنما راجہ اشفاق خان، توصیف کرم داد، راجہ ندیم، ارشد محمود، بنارس محمود، آزادکشمیر اوورسیز ایڈوائزری کونسل برطانیہ کے خالد محمودخالق نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے قائد میاں نوازشریف کی ایوان فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیاگیا اور کہا گیاکہ میاں نوازشریف ہی امید کی کرن ہیں۔ پاکستان کو اس وقت جوسیاسی، معاشی چیلنجز درپیش ہیں،ملک کو ان سے صرف میاں نوازشریف ہی نکال سکتے ہیں۔ شرکاء نے اس عزم کااظہار کیا کہ میاں نوازشریف پاکستان کو تمام بحرانوں سے نکال کر دوبارہ ترقی کی راہ پرگامزن کریں گے۔میزبان مفتی کامران حبیب اور عمران خان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔