اسلام آباد ( جنگ نیوز) حلقہ این اے 48سے قومی اسمبلی کے امید وار مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پچھلے تین سال میں کوئی ایسی جماعت نہیں جو حکومت میں نہ رہی ہو لیکن عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔ خاص طور پر سولہ ماہ کی حکومت نے تو عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا۔اسلام آباد میں اگر موثر بلدیاتی نظام ہوتا تو لوکل سطح پر چیئرمین اور کونسلرز عوامی مسائل حل کرتے لیکن اس شہر کو نالائق بیوریوکریسی نے جکڑ رکھا ہے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ 76سال میں کوئی وزیر اعظم بھی اپنی مدت پوری نہ کر سکا اب ہمیں یہ دائروں اور لاڈلوں کا سفر ختم کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھنہ ڈاک این اے 48جنجوعہ ٹائون نمبر دار ناصر افتخار جنجوعہ کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نصیر جنجوعہ، چوہدری ناصر،یاسر، ، الیاس کھوکھر، یاسر خان، صدیق مغل، امین شاہ، چوہدری یاسین، چوہدری نعیم، شہناز یامین سمیت دیگر اہل علاقہ نے شرکت کی۔سابق ضلع ناظم افضل کھوکھر نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے ہم ہمیشہ عوام کی مشکلات حل کرنے کیلئے کام کیا ہے ،ہمارے خاندان نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو ترجیح دی ۔ حاجی افتخار اور نمبر دار ناصر افتخار جنجوعہ نے مصطفی نواز کھوکھر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر کے خاندان کی خدمت کی سیاست کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ انہوں نے ذاتی طور پر ٹیوب ویل لگوائے اور لوگوں کے مسائل کو ہمیشہ اولین ترجیح دی۔ہم قومی اسمبلی کے امید وار مصطفی نواز کھوکھرکو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔