راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا،14موٹرسائیکل غائب ہو گئے۔ شہری موبائل فونز، نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی اشیاء سے محروم،گن پوائنٹ پر متعدد ڈکیتیاں قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں۔ پنڈی کے شہری مختلف وارداتوں میں9موٹر سائیکلوں، موبائل فونز، نقدی ،طلائی زیورات، مویشیوں اور دیگراشیاء سے محروم ہو گئے، تھانہ بنی کے علاقہ جامع مسجد روڈ پر2موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر محمد کاشف سےموبائل اور 3ہزار روپے ،تھانہ مورگاہ کے علاقہ سواں پل پر 3موٹر سائیکل سوارمزمل حسین سے اسلحہ کی نوک پر20ہزار چارسوروپے اورموبائل چھین لیا گیا، عثمان پورہ میں حسنین واحدکے کمرے کا تالہ توڑ کر 2لاکھ 60ہزار روپے ،موبائل اور سامان مالیتی 10ہزار روپے ،رحمان آباد میں دوران سفر عرفان کے 50ہزار روپے، ویسٹریج بازار میں شہری کے گھر سے تالے توڑ کرنقدی ،دستاویزات اور سامان ،ڈھوک بنارس میں غاظ علی کے گھر سے26ہزار روپے ،ڈھوک بنارس میں ناصر سلمان کی ہمشیرہ کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندرسے بکری اور 15سوروپے چوری کرلئے گئے ۔ ادھروفاقی دارالحکومت میں سٹریٹ کرائم اور چوریوں کا سلسلہ نہ رک سکا جس سے درجنوں پولیس ناکوں کی کارکردگی پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں ، تھانہ سنبل اور تھانہ شہزاد ٹاؤن میں سٹریٹ کرائم کی دو وارداتوں میں اسلحہ کی نوک پر موبائل فونز اور نقدی چھین لی گئی ، تھانہ کراچی کمپنی ، تھانہ شالیمار، تھانہ سنبل ، تھانہ انڈسٹریل ایریا اور تھانہ بھارہ کہو کے علاقے میں 5موٹر سائیکل چوری کر لئے گئے۔