کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائنیٹک کیو کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس اشتراک کے نتیجے میں لفبرا یونیورسٹی میں کھلاڑیوں کو ورلڈ کلاس سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی جن میں بائیو مکینکل پہلوؤں، انجریز سے صحت یاب ہونے اور پلیئر ڈیولپمنٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔ ڈائنیٹک کیو کوچنگ ایجوکیشن کورسز بھی پیش کرے گا ۔ دستخط کی تقریب میں چیئرمین بورڈ ذکا اشرف، سی او اوسلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان اور سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیاء ،ڈائنیٹک کیو کے سی ای او مکی کلارک، کو فاؤنڈر پروفیسر مارک کنگ اور علی احسان، سی ای او سوچو کرکٹ نے شرکت کی۔چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ ڈائنیٹک کیو کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہیں کیونکہ یہ پاکستان کرکٹ کو مزید اوپر لانے کے ضمن میں ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس اشتراک سے ہمارے کھلاڑیوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل بہتر انداز میں استوار ہوگا۔اس موقع پر مکی کلارک کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنا ایک حوصلہ افزا کوشش ہے۔ہمارا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کا کریئر طویل اور بہترین فٹنس کے ساتھ ہو جس میں انجری کا خطرہ کم سے کم ہو۔