• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنچورین، پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا آج سے آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہوم گراؤنڈ پر انگلش کرکٹ ٹیم کے خلاف اپنے اسپنرز کے بل بوتے پر دو لگاتار ٹیسٹ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میزبان پیس بولروں کے چیلنج کا سامنا ہے۔اس گراؤنڈ پر پاکستان نے تین ٹیسٹ کھیلے ہیں اور تینوں میں شکست ہوئی ہے۔جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان میچ جمعرات کو سپر اسپورٹ پارک سنچورین میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ شروع ہورہا ہے۔اس گراؤنڈ پر گذشتہ سال بھارت کو جنوبی افریقا نے اننگز سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیمیں میچ میں اسپیشلسٹ اسپنرز کے بغیرمیدان میں اتریں گی۔آل راونڈر عامرجمال کے ساتھ پاکستانی پیس بیٹری میں نسیم شاہ،خرم شہزاد اور محمد عباس کی شمولیت ہوئی ہے سات بیٹرز اور آل راونڈرعامر جمال گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔ جبکہ بابر اعظم دو ٹیسٹ میچوں کے بعد ٹیم میں واپس آئی ہے۔جنوبی افریقا کی پچز مہمان بیٹرز کے لئے ہمیشہ مشکلات پیدا کرتی ہیں۔یکم فروری2013کو جوہانسبرگ میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میچ میں اپنے سب سے کم اسکور49رنز پر آوٹ ہوئی تھی۔سیریز کادوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقا کے اس دورے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی تھی لیکن اس نے ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقا کی سرزمین پر تین صفر کا تاریخی وائٹ واش کیا جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی یہ سیریز بھی دلچسپ اور سخت ہوگی جنوبی افریقا کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ فائنل کھیلنے کے لئے دونوں میچ جیتا ضروری ہیں۔پاکستان ٹیم نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز شان مسعود کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف دو ایک سے جیتی ہے۔ٹیسٹ اسکواڈ میں تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے آخری بار پاکستان کے لیے اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کھیلا تھا۔ انہوں نے اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے پانچ میچوں میں 31وکٹوں کی عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔انجری کے باعث انگلینڈ کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ عاقب جاوید پاکستان مینز ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ہیں اور گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف وائٹ بال سیریز میں چارج سنبھالنے کے بعد یہ ان کی پہلی ریڈ بال سیریز ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے جنوری فروری 2021 میں جنوبی افریقاکے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ سنچورین کی کنڈیشن سیم بولرز کومدد کرے گی، بیٹنگ کیلئے بھی کنڈیشن اچھی ہوگی۔