• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر قائد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم، سڑکوں پر تجاوزات سے پیدل چلنا محال

کراچی (پی پی آئی) شہر قائد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے عوام پریشان کم و بیش تمام علاقوں میں ہی بدترین ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ صدر ایمپریس مارکیٹ ،گرو مندر ،ٹاور ، برنس روڈ اور اولڈ سٹی ایریا میں تجاوزات اور ٹریفک کی بدانتظامی کے باعث بدترین ٹریفک جام سے شہری آئے روز مسائل کا شکار رہنے لگے ہیں۔ رمپا پلازہ ،جامع کلاتھ اور نیو چالی میں ٹریفک اکثر جام رہتا ہے جس کی بڑی وجہ تجاوزات ہیں ۔ دکانداروں نے فٹ پاتھ اور سڑک تک پر قبضہ جمایا ہوا ہے جس سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو تی ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں۔ شہریوں کے مطابق دیگر علاقوں سمیت کمرشل مارکیٹ تک میں خریداری کی غرض سے جانا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ٹریفک کا کوئی مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں جبکہ تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کرنے والوں نے پورے شہر کی سڑکوں اور بازاروں پر اپنا قبضہ جمایا ہو ا ہے لیکن ان کیخلاف متعلقہ حکام کی جانب سے مناسب قانونی کارروائی نہیں کی جاتی۔ مختلف علاقوں میں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر ہینگر مافیا، چپس کے سٹال، برگر اور دیگر سٹالز لگائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کا راستہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے اور انہیں مجبوراً فٹ پاتھ چھوڑ کر سڑک پر سے گزرنا پڑتا ہے جو کہ نہایت خطرناک ہے۔

ملک بھر سے سے مزید