کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی کے اسٹیورڈ اور دھوبی کی جانب سے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو گالیاں دینے اور زدوکوب کرنے کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کی ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن نے مذمت کی ہے۔ اے ایم ایس ڈاکٹر سعد جمال نے واقعے کے خلاف اسپتال انتظامیہ کو شکایتی درخواست جمع کرادی ہے ۔ درخواست کے مطابق اسپتال کے اسٹیورڈ شاہ زیب نہ صرف مسلسل احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ بدتمیزی کرنے کے ساتھ احکامات بھی نہیں مانتے۔ درخواست کے مطابق گزشتہ روز 4 دسمبر کو بھی اسٹیورڈ شاہ زیب اور دھوبی ذکی کو احکامات دیئے تاہم انہوں نے اس پر عمل کرنے کے بجائے گالیاں دیں، زدوکوب کرنے کی کوشش کی جبکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ اسٹیورڈ کی جانب سے یہ رویہ معمول بن گیا ہے جبکہ ان کا ماضی کا بھی یہی ریکارڈ ہے جس سے ملازمین پریشان ہیں اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ درخواست کے ہمراہ اس رویے کے خلاف اسپتال کے متعدد ڈاکٹروں ، پیرامیڈیکس و دیگر عملے کے نام ، شناختی کارڈ نمبر ،عہدے اور دستخط پر مبنی فہرست منسلک ہے۔