اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار )ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کو بھیجنے میں ملوث 5 انسانی سمگلروں سمیت9 افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ یونان کشتی حادثہ میں ملوث مرکزی ملزم عتیق بٹ کوایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے گرفتار کیا ۔ملزم کے بنک اکاونٹ میں 67لاکھ روپے ٹرانسفر ہوئے تھے ۔ ملزم کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلر کے ساتھ رابطے میں تھا۔ ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سیل کراچی نے اٹلی کے جعلی ریزیڈنٹ کارڈ بنا کر دینے کے الزام میں ملوث مبینہ انسانی اسمگلر ذوالفقار علی کو گرفتار کر لیا ۔ ایف آئی اے گجرات سرکل نےانسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری ملزموں قیصر، فیاض احمد اور محمد شریف کو منڈی بہاو الدین اورحافظ آباد سے گرفتار کر لیا۔ملزمان شہریوں کو ترکی اور یونان ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نعمت اللہ، ذیشان، عبدالرحمان اور واجد اللہ کوگرفتار کر لیا ہے ۔