کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف الله خان کاکڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ میں نااہلی برقرار رکھنے کا فیصلہ قوم مسترد کرتی ہے یہ فیصلہ بھی بددیانتی اور ناانصافیوں کی طویل فہرست میں مزید ایک اضافہ ہے جو ظلم و ناانصافی تحریک انصاف کے ساتھ ہو رہی ہے وہ دنیا دیکھ رہی ہے، لاڈلوں کیلئے علیحدہ اور تحریک انصاف کیلئے الگ قانون ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی برقرار رکھنے کے فیصلہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جو لاڈلے گاڑیاں اور ہیرے جواہرات توشہ خانہ سے لے کر ہڑپ کرگئے جنہوں نے ملک کو کنگال کردیا انہیں تو کوئی پوچھنے والا نہیں اور ملک کے سب سے معقول لیڈر کو بوگس اور جعلی مقدمات میں سزائیں سنائی جا رہی ہیں یہ سب ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اور قوم اس قسم کے فیصلوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی ،انہوں نے کہا کہ قوم اپنے قائد عمران خان کو صادق و امین مانتی ہے کردار کشی اور بوگس مقدمات میں سزائیں سنا کر عمران خان کی عزت و مقبولیت میں کوئی کمی نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے 90فیصد عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہیں الیکشن میں عمران خان بہت بڑا سرپرائز دیں گے۔