کراچی(ٹی وی رپورٹ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جیو نیوز کے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر بننے کے بعد فیملی کو وقت نہیں دے پارہا ہوں، صبح دس بجے سے کام شروع کرتا ہوں تو فجر ہوجاتی ہے میری کوئی زمین بدین میں پہلے تھی نہ آج ہے ،ایم کیو ایم کے تین گروپوں کو اکٹھاکرنے کا سہرا میرے سر جاتا ہے، پہلی دفعہ تب مشکل وقت آیا جب نئی نئی شادی ہوئی اور مجھے گرفتار کرلیا گیا، پیپلز پارٹی کے دور میں ذوالفقار مرزا نے میرے ساتھ یہ سب کچھ کیا، بطور بزنس مین شنوائی نہیں ہوئی تو پیر صاحب پگارا کی پارٹی میں شامل ہوگیا، پیر صاحب پگارا کی اجازت کیساتھ ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہوا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ہر محب وطن شخص کے افواج پاکستان اور اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، افواج پاکستان اور اسٹیبلشمنٹ کی ملک کیلئے جو قربانیاں ہیں ہر سچے پاکستانی کو انہیں سیلوٹ کرنا چاہئے، کچھ سیاسی جماعتوں نے سازش کے تحت سوشل میڈیا پر اور دنیا بھر میں افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان میں سینئر ڈپٹی کنوینر ہے، ایم کیو ایم کے تین گروپوں کو اکٹھا کرنے کا سہرا میرے سر جاتا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے میرا گورنر سندھ کا نوٹیفکیشن بارہ ربیع الاول کے دن جاری ہوا، گورنر ہاؤس سے دو لاکھ سے زائد گھرانوں کو راشن تقسیم کرچکے ہیں، روزانہ تین سے پانچ ہزار لوگوں کو راشن دیا جارہا ہے، سماجی کاموں راشن کی تقسیم، آئی ٹی کورسز اور بیل آف ہوپ میں ایک روپیہ بھی گورنر ہاؤس یا حکومت سندھ کا خرچ نہیں ہورہا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ فلسطین میں مسلمان بچوں کی شہادتوں کا غم مجھ سے برداشت نہیں ہورہا، بطور گورنر میری آدھی تنخواہ سیلانی ویلفیئر اور آدھی تنخواہ جے ڈی سی میں جاتی ہے، فیملی کا خرچہ نکالنے کے بعد کاروباری آمدنی اللہ کی راہ میں خرچ کردیتا ہوں، ذوالفقار مرزا نے مجھ ایسے کاروباری شخص پر مقدمات بنائے جسے جنرل مشرف نے گولڈن سن آف پاکستان کا ٹائٹل دیا تھا، میری کوئی زمین بدین میں پہلے تھی نہ آج ہے۔