مکوآنہ (این این آئی)شادی شدہ جوڑوں میں ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔محققین کی رائے کے مطابق ضروری ہے کہ شادی شدہ جوڑے طرز زندگی میں تبدیلیاں لائیں جیسے جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہو جائیں، تناؤ سے بچنے کی کوشش کریں اور اچھی غذا کا استعمال یقینی بنائیں۔ ہائی بلڈ پریشر کو خاموش قاتل مرض قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس کے شکار افراد کو اکثر اس کا علم ہی نہیں ہوتا۔امریکا کی مشی گن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ شادی شدہ افراد میں ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 9فیصد زیادہ ہوتا ہے۔درحقیقت شادی شدہ جوڑوں میں سے کسی ایک میں ہائی بلڈ پریشر کی تشخیص ہوتی ہے تو اسکے شریک حیات میں بھی اس بیماری سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے1089، امریکا کے 3989، چین کے6514اور بھارت کے 22ہزار 389جوڑوں کے بلڈ پریشر کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ ان افراد سے بلڈ پریشر کی تاریخ معلوم کی گئی اور نتائج سے معلوم ہوا کہ برطانیہ کے 47فیصد جوڑے بلڈ پریشر کے شکار تھے۔