بھارتی اداکار، میوزک کمپوزر، لکھاری اور پروڈیوسر منصور علی خان کو مدراس ہائیکورٹ نے ہتک عزت کے مقدمہ میں سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ تریشا کو آپ کے خلاف کیس فائل کرنا چاہیے۔
عدالت نے منصور علی خان کو تریشا، چرنجیوی اور خوشبو کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کرنے پر سخت سرزنش کی۔
واضح رہے کہ 62 سالہ منصور علی خان جو کہ جنوبی بھارت کی تامل فلم انڈسٹری سے منسلک ہیں، انہیں گزشتہ ماہ اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے فلم لیو کی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن کے خلاف توہین آمیز اور خواتین سے نفرت پر مبنی جملے ادا کیے اور بعد میں تریشا کرشنن کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ داخل کیا۔
لیکن اب مدراس ہائیکورٹ نے ان کی سختی سے سرزنش کرتے ہوئے ان کے کیس کو ناقابل قبول قرار دیا، جبکہ عدالت نے یہ ریمارکس بھی دیے کہ کیس تو تریشا کو ان کے خلاف توہین آمیز جملوں پر داخل کرنا چاہیے۔
عدالت نے مزید کہا کہ منصور علی خان نے یہ عادت بنالی ہے کہ وہ تنازعات میں ملوث ہوکر پھر خود کو اس کا شکار قرار دیتے ہیں اور بے گناہی کا دعویٰ کرتے ہیں۔