• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ اور متنازع فیصلے کیخلاف پاکستانی حکومت اور سیاسی قیادت متحد

اسلام آباد ( ایجنسیاں) پاکستان نے کشمیر پر بھارتی سپریم کورٹ کے متنازع فیصلے کومسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، بھارت یکطرفہ اقدامات نہیں کر سکتا، صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ انڈین سپریم کورٹ نے فاسشٹ ہندو توا نظریئے کے سامنے سر جھکا لیا.

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ بھارت کو یکطرفہ اقدامات کا حق حاصل نہیں۔ پاکستانی حکومت اور سیاسی قیادت متحد ہوکر بھارتی عدالت کے فیصلے کو متعصبانہ قرا ردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عدلیہ بھی ہندوتوا کے زیر اثر اندھی ہوچکی ۔

پیپلزپارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کو ’ری رائٹ‘ نہیں کیا جاسکتا۔

 مسلم لیگ کے رہنماؤں شہبازشریف اور مریم نواز نے نے بھارتی عدالتی فیصلے کو تاریخی جرم قراردیا،جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے بھارتی عدالت کو مودی عدالت قراردیتے ہوئے اس کے فیصلے کو جبر قرار دیا۔ 

جے یو آئی ، استحکام پارٹی، تحریک انصاف اور دیگر نے بھی بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔

 وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور بھارتی سپریم کورٹ کو کشمیریوں کے آئینی و انسانی حقوق کا قاتل قرار دیا ہے ،بھارتی سپریم کورٹ نے انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا۔

انہوں نے کہا کہ 370 اور 35 اے کی منسوخی بھارتی حکومت کا جابرانہ فیصلہ تھا،مجھے یقین تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ بھارتی حکومت کے فیصلے کا دفاع کرے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ کشمیری الحاق پاکستان کے داعی ہیں انشائاللہ وہ یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے مودی سرکار کی طرف سے آرٹیکل 370 منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کی متفقہ طور پر توثیق کر کے انسانی حقوق کی تاریخ کا سیاہ ترین اقدام کیا ہے جس کی عالمی برادری کو پرزور مذمت کرنی چاہیے۔ 

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا ۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار اپنے اکھنڈ بھارت کے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی اور غیر کشمیریوں کو وادی میں آباد کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور غزہ کی صورتحال پر دنیا کو جاگنا چاہیے۔ 

بھارت نے را کے ذریعے منی پور فسادات سے توجہ ہٹانے کیلئے جڑانوالہ واقعہ کروایا۔دو ماہ سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔ 

کشمیریوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، سب کو مل کر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ نہ صرف دیہی بلکہ بڑے شہروں میں بھی خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات کی روک تھام کرنی ہے۔ خواتین کو برابر کے حقوق دینے ہونگے۔ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر دنیا کی خاموشی شرمناک ہے۔

اہم خبریں سے مزید