اسلام آباد (خبر نگار) سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مقدمات سے علیحدگی کیلئے درخواست دائر کر دی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیف جسٹس عامر فاروق سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے تمام کیسز سے خود کو علیحدہ کریں،ان سے انصاف ملنے کی توقع نہیں ہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا، چیف جسٹس کا آفس سنبھالنے کے بعد جسٹس عامر فاروق نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے معاملے میں ون مین ہائیکورٹ کا تاثر دیا۔ انٹرا کورٹ اپیلوں کے علاوہ ہر سنگل اور ڈویژن بنچ میں چیف جسٹس عامر فاروق نے خود کو شامل کیا۔ اب تک سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 120درخواستوں پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کرچکے ہیں۔